اسلام آباد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ میں کسی جماعت کا نہیں بلکہ بلکہ پاکستان کا ترجمان ہوں اور نواز شریف وزیر اعظم منتخب ہوئے تو حلف کا تقاضا پورا کروں گا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ مہیا کرنا الیکشن کمیشن اور حکومت کی ذمہ داری ہے جبکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے تحفظات کی طرف خط لکھ کر حکومت کی توجہ دلائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے لیول پلیئنگ فیلڈ مہیا کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے اور قوم بھروسہ رکھتی ہے حکومت لیول پلیئنگ فیلڈ کا اہتمام کرے گی۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ عدلیہ، انتظامیہ اور سیاسی رہنما انتخابات کے بروقت انعقاد پر متفق ہیں اور کوئی شبہ نہیں کہ انتخابات 8 فروری کو نہ ہوں۔ انتخابات شفاف بنانے کے لیے آئین صدر کو عملی قدم کی اجازت نہیں دیتا۔
انہوں نے کہا کہ صدر کے پاس انتظامی اختیارات نہیں تاہم صدر کی طرف سے اٹھائے جانے والے نکات بہت معنی رکھتے ہیں۔ توقعات اپنی جگہ لیکن کوئی ایسا قدم نہیں لے سکتا جس کی آئین اجازت نہ دے۔