لاہور مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے لیے نواز شریف کے ہاتھ مضبوط کرنے ہیں۔
مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیر اعظم شہباز شریف سے مختلف سابق ارکان اسمبلی اور سیاسی شخصیات نے ملاقات کی۔ ملاقات میں سابق ارکان اسمبلی اور سیاسی شخصیات نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا۔
مسلم لیگ ن میں شامل ہونے والوں میں بابر خان سیال،ایم آصف معاویہ، مسز نیلم سیال اور مہر اسلم بھروانہ شامل ہیں۔ چودھری خالد غنی، امیر عباس سیال، فیصل حیات جبوانہ، شیخ یعقوب و دیگر رہنماؤں نے بھی مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا۔
سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ ن میں شامل ہونے والوں کا خیر مقدم کیا اور مبارکباد دی۔
پارٹی میں شامل ہونے والے رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ ن ایک گھر ہے جو پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے جبکہ آپ کی شمولیت سے پاکستان کی ترقی کا سفر تیز ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی سے عوام کو نجات دلانے کے لیے نواز شریف کے ہاتھ مضبوط کرنے ہیں اور پاکستان کو معاشی طور پر پیروں پر کھڑا کرنے کی جدوجہد سب مل کر کریں گے۔