کراچی میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ ہمیں چیخنے کا شوق نہیں عزت دیں گے تو عزت کریں گے۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کونسل اجلاس میں جماعت اسلامی کے کردار کو سب نے دیکھا، بدقسمتی سے لچک کے باوجود آج بھی رویہ سب کے سامنے ہے۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس شروع کرتے ہی احتجاج شروع کردیا گیا، اجلاس اس لیے ختم کیا گیا تاکہ آئندہ احسن انداز میں اجلاس کریں، گزشتہ روز بھی کہا ہم سب کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔
میئر کراچی نے کہا کہ پہلے شہر میں کوئی اور بدمعاشی کرتا تھا اب کوئی اور کرتا ہے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ میئر کی کرسی پر چاکنگ کرنے کی کوشش ہوئی جو غیرمناسب رویہ ہے، کسی کو بدمعاشی نہیں کرنے دیں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سٹی کونسل کا اجلاس ہنگامہ آرائی اور شور شرابے کی نذر ہوگیا تھا۔ حکومتی اور حزب مخالف کے اراکین میں پہلے تلخ کلامی ہوئی اور پھر نوبت ہاتھا پائی تک جاپہنچی تھی۔
اجلاس میں بینر اٹھائے اپوزیشن اراکین ’گٹر کے ڈھکن دو‘ اور ’پانی دو‘ کے نعرے لگاتے رہے جبکہ پیپلز پارٹی کے اراکین ’زکوۃ چور‘ اور ’فطرہ چور‘ کے پلے کارڈز ایوان میں لے آئے تھے۔
رہنما پیپلز پارٹی نجی عالم نے ’قبضہ میئر‘ کا پلے کارڈ چھین کر پھاڑ دیا جس پر جماعت اسلامی کے ارکان نے ان کا گھیراؤ کیا۔ اس دوران ایوان مچھلی بازار بنا رہا۔ میئر مرتضیٰ وہاب نے شور شرابے کے دوران اجلاس ملتوی کر دیا تھا۔