کسان کارڈ پر نواز شریف کی تصویر لگانے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔
شہری مشکور حسین نے اپنے وکیل کے توسط سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی جس میں وزیراعلیٰ پنجاب، حکومت پنجاب اور نوازشریف کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ پبلک فنڈز ذاتی تشہیر کے لیے استعمال نہیں ہوسکتے، کسان کارڈ پر نوازشریف کی تصویر لگانا قانون کی خلاف ورزی ہے۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ لاہور ہائیکورٹ پنجاب حکومت کو نواز شریف کی تصویر والے کسان کارڈ جاری کرنے سے روکے، کسان کارڈ پر نواز شریف کی تصویر لگانے پر آنے والے اخراجات نوازشریف سے وصول کیےجائیں۔
درخواست گزار نے مزید استدعا کی کہ لاہور ہائیکورٹ درخواست کے حتمی فیصلے تک کسان کارڈ کی پرنٹنگ روکنےکا حکم دے۔