(ن) لیگی رہنما اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے نیب گرفتاری سے بچنے کے لیے سندھ ہائی کورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کردی۔
سابق وزیر خزانہ اور لیگی رہنما مفتاح اسماعیل نے نیب گرفتاری سے بچنے کے لیے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا ہے، مفتاح اسماعیل نے عدالت میں ضمانت کی درخواست دائر کی ہے جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ نیب کارروائی بدنیتی پر مبنی ہے، نیب نے جب بھی طلب کیا میں وہاں گیا ہوں تاہم گرفتاری کا خدشہ ہے لہذا حفاظتی ضمانت دی جائے۔
دوسری جانب سابق ایم ڈی پی ایس او عمران الحق بھی گرفتاری سے بچنے کے لیے عدالت پہنچ گئے، عمران الحق مفتاح اسماعیل کی گاڑی میں بیٹھ کر سندھ ہائیکورٹ پہنچے اور ضمانت کی درخواست دائر کی۔ سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل صبح 7 بجے ہی سندھ ہائی کورٹ پہنچ گئے تھے جس کے بعد انہوں نے کنٹین میں بیٹھ کر وقت گزارہ۔
مفتاح اسماعیل اور عمران الحق کے وکلا نے حفاظتی ضمانت درخواستیں آج ہی سننے کی درخواست دائر کی جس کو عدالت نے منظور کرلیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ نیب تحقیقات کا سامنا کرنے کو تیار ہوں، کل صبح 10 بجے کا نوٹس مجھے دوپہر 3 بجے موصول ہوا ہے۔ میرے خیال سے میرے گھر پر چھاپوں کی ضرورت نہیں تھی، اب عدالت آیا ہوں اور جو عدالت کا فیصلہ ہوگا، تسلیم کروں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی جیسا مخلص انسان اس ملک کو پھر کبھی نہیں ملے گا، یہ اس ملک کی خوش قسمتی ہے کہ شاہد خاقان عباسی جیسا شخص ملا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نیب کی جانب سے مفتاح اسماعیل کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے جس کے بعد نیب ٹیم نے سابق وزیر خزانہ کی گرفتاری کے لیے ان کے گھر پر چھاپہ بھی مارا تاہم وہ گھر کے اندر موجود نہیں تھے۔