پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کل سے گابا برسبین میں شروع ہو رہی ہے۔ پاکستان آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا آغاز کرے گا۔ سولہ سالہ فاسٹ بولر نسیم شاہ ٹیسٹ ڈیبیو کے لیے تیار ہیں۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے لیے دو میچوں کی سیریز کا آغاز کل سے گابا گراؤنڈ برسبین میں ہو رہا ہے۔ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان روایتی ایشیز سیریز سے ٹیسٹ چیمپئن شپ کا آغاز ہوا۔ آسٹریلیا نے 56 پوائنٹس حاصل کیے۔
پاکستان چیمپئن شپ میں پہلی سیریز کھیلے گا۔ پاکستان نے 16 سالہ فاسٹ بولر نسیم شاہ کو ڈیبیو کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ جس کے لیے ٹور میچ میں پانچ وکٹیں لینے والے عمران خان کو باہر بیٹھنا پڑے گا۔ شان مسعود کے ساتھ کپتان اظہرعلی اوپن کریں گے۔ حارث سہیل، اسد شفیق اور افتخار احمد کے ساتھ وکٹ کیپر محمد رضوان بیٹنگ سنبھالیں گے۔ پاکستان کا اٹیک لیگ اسپنر یاسر شاہ فاسٹ بولرز محمدعباس، شاہین شاہ اور نسیم شاہ پر مبنی ہو گا۔
آسٹریلوی ٹیم کی قوت میں اسٹیو اسمتھ کی شاندار فارم سے اضافہ ہوا ہے۔ ڈیوڈ وارنر ایشیز سیریز کی 10 اننگز میں 95 رنز بنا سکے تھے لیکن ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بہترین فارم میں تھے۔ مچل اسٹارک، پیٹ کمنز اور ہیزل ووڈ کے ساتھ نیتھن لائن پر مشتمل میزبان اٹیک انتہائی خطرناک ہے۔
میزبان ٹیم 31 سال سے برسبین میں کوئی ٹیسٹ نہیں ہاری۔ پاکستان نے 1995 سے یہاں کوئی ٹیسٹ نہیں جیتا۔ گذشتہ ٹور میں 490 رنزکے پہاڑ جیسے ہدف سے پاکستان 40 رنز پیچھے رہ گیا تھا۔ اسد شفیق نے 137 رنز بنائے تھے۔