اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے خبردار کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں کورونا کیسز سے اموات میں اضافہ ہوگا۔
وزیراعظم نے قوم سے اپنے خطاب میں کہا کہ آنے والے دنوں میں کورونہ ایس او پیز کی وہ خود مانیٹرنگ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کرونا کے بارے میں ان کی پالیسی پہلے دن سے ہی واضح ہے ۔ جب سے کرونا کی وبا پاکستان میں آئی ہے تب سے کہہ رہے ہیں کہ کمزور ملکی معیشت کی وجہ سے ہمارا مزدور اور دھاڑی دار طبقہ لاک ڈاؤن کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں کورونا سےاموات اور کیسزمیں اضافہ ہو رہا ہے۔ ہمیں معلوم تھا کہ وقت کے ساتھ ساتھ کیسز اور اموات میں اضافہ ہو گا۔
وزیراعظم نے اپنے خطاب میں الزام عائد کیا کہ اپوزیشن چاہتی ہے کہ کورونا سے اموات میں اضافہ ہو تاکہ حکومت پر تنقید کی جا سکے۔
عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن اپنی کرپشن بچانے کے لیے حکومت پر تنقید کررہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر ایشو کو بھی بنیاد بنا کر حکومت پر تنقید کی گئی تھی۔
وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ میری ٹیم نے ماہرین سے مشاورت کرکے مجھے موجودہ صورتحال پر گائیڈ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے اپنی ٹیم پہ فخر ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے نام لیے بغیر کہا کہ لندن سے آنے والے ماسک لگا کر کمپیوٹر کے سامنے بیٹھ گئے ہیں۔