لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والے کامیڈی کنگ عمر شریف کو عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں سپرد خاک کردیا گیا۔
عمر شریف کی میت کو ایدھی سردخانے سے گلشن اقبال میں واقع ان کی رہائش گاہ پر لایا گیا جہاں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، علاقہ پولیس کی نفری اور ٹریفک پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔
عمر شریف کی نماز جنازہ کلفٹن میں واقع عمر شریف پارک میں ادا کی گئی جس میں سیاسی رہنماؤں، اداکاروں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ عمر شریف کی نماز جنازہ مولانا بشیر فاروقی نے پڑھائی۔
بعد ازاں انہیں ان کی خواہش کے مطابق عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں سپرد خاک کردیا گیا۔
عمر شریف کی میت لے جانے والی ایمبولینس پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں جب کہ میت کی سرد خانے روانگی کے دوران قافلے میں عزیز و اقارب، مداحوں اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔
لیجنڈ اداکار عمر شریف کی میت کو قومی پرچم میں لپیٹا گیا۔
خیال رہےکہ عمر شریف ہفتہ 2 اکتوبر کو جرمنی کے اسپتال میں انتقال کرگئے تھے۔
امریکا میں عمر شریف کے معالج ڈاکٹر طارق شہاب کے مطابق جرمنی کے اسپتال میں ڈائیلیسز کے 4 گھنٹے بعد عمر شریف کی طبیعت اچانک بگڑی اور دل کا دورہ پڑا جس سے وہ انتقال کرگئے۔