نیشنل ٹی ٹوئنٹی کے آخری لیگ میچ میں کے پی نے ناردرن کو 92 رنز سے شکست دے دی۔
نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں کامران غلام اور افتخار احمد کی 133 رنز کی ناقابل شکست شراکت کی بدولت خیبرپختونخوا نے ناردرن کے خلاف مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز بنائے۔
کامران غلام نے 64 گیندوں پر 10 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 110 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
یہ ان کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی پہلی سنچری ہے،وہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کے حالیہ ایڈیشن میں سنچری بنانے والے تیسرےبیٹسمین ہیں ،اس سے قبل بابراعظم اور شرجیل خان اس ٹورنامنٹ میں سنچریاں بنائی تھیں۔
کامران غلام کے علاوہ افتخار احمد نے 54 رنز کی اننگز کھیلی۔
208 رنز کے تعاقب میں ناردرن کی پوری ٹیم 115 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
33 رنز پر ابتدائی3 وکٹیں گرنے کے بعد ناردرن کے وکٹ کیپر بیٹسمین روحیل نذیر نے کپتان عمر امین کے ہمراہ مزاحمت کی کوشش کی تاہم وہ بھی 2 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 34 رنز بناکرپویلین واپس لوٹ گئے۔
کپتان عمر امین 23 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ ڈبل فگرز میں داخل ہونے والے باقی تین بیٹسمین علی عمران 19 ، عاقب لیاقت اور ذیشان ملک 11 ، 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
کے پی کی جانب سے خالد عثمان ، آصف آفریدی اور عمران خان سینئر نے 2،2 جبکہ ارشدا قبال، افتخار احمد اور محمد عمران نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس کے علاوہ پیر کے روز کھیلے گئے پہلے میچ میں سندھ نے بلوچستان کو 5 وکٹوں سے ہرا دیا۔
لیگ میچز کے اختتام پر خیبرپختونخوا ، سینٹرل پنجاب، سندھ اور ناردرن کی ٹیموں کے پوائنٹس کی تعداد 12، 12 ہے، تاہم بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر خیبرپختونخوا پہلے، سینٹرل پنجاب دوسرے، سندھ تیسرے اور ناردرن پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر براجمان ہے۔
وا ضح رہے کہ ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل خیبرپختونخوا اور ناردرن جبکہ دوسرا سینٹرل پنجاب اور سندھ کے مابین کھیلا جائے گا۔
ایونٹ کےدونوں سیمی فائنلز منگل اور فائنل بدھ کو کھیلا جائے گا۔