لاہور مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو بچانے کے لئے جو بھی کرنا پڑے کرتے آئے ہیں کرتے رہیں گے۔
مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف نے لاہور چیمبر کے عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج سب سے سستی کرنسی پاکستان کی ہے پاکستان کی کرنسی کو مٹی میں ملا دیا گیا، اتنی مہنگائی میں عوام کیسے زندہ رہیں گے کاروبار کیسے چلے گا۔
مسلم لیگ ن کے قائد نے کہا کہ قوم کو جھوٹے خواب دکھانے کا سلسلہ بند کرنا ہو گا، 2013 میں، میں بھی پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالا تھا، ہم ملک کو ترقی دیتے ہیں، جلا وطنی اور قید بھی کاٹتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 2022 میں حکومت میں آنے پر تیار نہیں تھے پر ڈیفالٹ سے پاکستان کو بچانا ضروری تھا، شہبازشریف صاحب کے مستعفی ہونے کی تقریر تیار تھی۔
نواز شریف نے کہا کہ ہم نے دھمکیوں کے سامنے جھکنے سے انکار کر دیا، پاکستان کے مفاد کے لئے بے خوف ہو کر آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا، بات پاکستان کی ہو تو ہم فیصلوں کے ذاتی مفاد پر نقصان کی پروا کبھی نہیں کرتے، یہی ہم میں اور دوسروں میں فرق ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بچانے کے لئے جو بھی کرنا پڑے کرتے آئے ہیں، کرتے رہیں گے، معیشت کے فیصلے دلیری اور بہادری کے ساتھ کرنے ہوں گے عوام کو ریلیف دینا ہوگا، گھریلو صارفین کے لئے بجلی سستی کرنی پڑے گی، ان کے ساتھ ظلم ہو رہا ہے۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہیلتھ کارڈ دیا تھا، غریب کا علاج ریاست کی ذمہ داری ہے، 1990 کے بعد سے ہم نے کاروبار کو روایتی دائروں سے آزادی دلائی، ہم نے پالیسیاں بنائیں تو خزانہ بھرنا شروع ہوگیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ انڈسٹری میں آنے والے پیسے کے بارے میں نہ پوچھنے کی پالیسی ہونی چاہیے، ہماری پالیسیاں، ترقی کی رفتار جاری رہتی تو آج پاکستان ترقی کی رفتار میں کہیں آگے ہوتا، اب عوام کو مہنگائی، غربت سے نجات دلانا ہماری ذمہ داری اور فرض ہے۔