او جی ڈی سی نے ملک میں ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے لیے ایک وسیع اور اہم طبی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ ادارے کے ترجمان کے مطابق پنجاب اور سندھ کے مختلف علاقوں میں مفت ہیپاٹائٹس سی اسکریننگ اور علاج کیمپ قائم کیے جا رہے ہیں، جہاں شہریوں کو بلا معاوضہ ٹیسٹ، معائنہ، دوائیاں اور طبی مشاورت کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
یہ کیمپس پہلے مرحلے میں 23 ستمبر سے 11 دسمبر 2025 تک جاری رہیں گے۔ پنجاب میں یہ سہولیات چکوال، اٹک، گوجر خان اور ڈیرہ غازی خان کے صحت مراکز پر دستیاب ہوں گی جبکہ سندھ میں حیدرآباد، سانگھڑ اور گھوٹکی کے اضلاع میں یہ کیمپس لگائے جائیں گے۔
ادارہ اس سے پہلے بھی ملک بھر میں 35 مفت آئی کیمپس، 3 موبائل آپریشن تھیٹر، 45 مفت میموگرافی کیمپس، 100 ایمبولینسز اور 6 موبائل ہیلتھ یونٹس فراہم کر چکا ہے۔ ترجمان نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی اور اپنے اہل خانہ کی صحت کے تحفظ کے لیے ان ہیپاٹائٹس سی ایلیمینیشن کیمپس میں بھرپور شرکت کریں۔
ترجمان کے مطابق ہیپاٹائٹس سی کا بروقت علاج خوشحال اور صحت مند زندگی کے لیے ضروری ہے، اور یہ اقدام عوامی صحت کے شعبے میں ایک بڑی پیشرفت ہے جس سے ہزاروں شہریوں کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔