کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہا جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث موسم خوشگوار ہونے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
بارش کے بعد یونیورسٹی روڈ پر سمامہ شاپنگ مال کے سامنے سڑک پر پانی جمع ہو گیا، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں دیکھنے میں آئیں۔ شہریوں کو سڑک عبور کرنے اور معمول کی نقل و حرکت میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
اسی طرح یونیورسٹی روڈ سے گلستانِ جوہر جانے والی سڑک پر گڑھوں کی موجودگی کے باعث پانی کھڑا ہو گیا، جس سے گاڑیوں کی رفتار سست پڑ گئی اور شہریوں کو اضافی وقت لگا۔ انتظامیہ کی جانب سے نکاسیٔ آب کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ صورتحال کو معمول پر لایا جا سکے۔
دوسری جانب ملیر ہالٹ، رفاہِ عام اور ملحقہ علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ تیز ہوائیں بھی وقفے وقفے سے چلتی رہیں۔ ملیر کینٹ میں تیز بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی دیکھنے میں آئی، جبکہ گلستانِ جوہر میں بھی بعض مقامات پر ژالہ باری کی اطلاعات موصول ہوئیں۔
اسی طرح سکیم 33 اور اس سے ملحقہ علاقوں میں بارش کے دوران ژالہ باری ہوئی، جبکہ گلشنِ جمال اور اطراف میں بھی بارش اور ژالہ باری ریکارڈ کی گئی، جس سے شہریوں نے موسم میں اچانک تبدیلی محسوس کی۔