وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ افغان طالبان نے حملہ کرکے ایک بھیانک غلطی کی ہے اور اس کے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی سلامتی اور شہریوں کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
وزیر داخلہ نے افغان طالبان کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ افراد کو نقصان پہنچانا کسی بھی طور قابل قبول نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی کارروائیاں خطے کے امن کو نقصان پہنچاتی ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ بزدل دشمن نے رات کی تاریکی میں وار کیا اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کی مذموم کوشش کی، تاہم پاکستان کی سکیورٹی فورسز مکمل طور پر چوکس اور تیار ہیں۔
انہوں نے افغان طالبان کی جارحیت کو ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے اس جارحیت کا منہ توڑ اور مؤثر جواب دیا ہے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پوری قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور وطن کے دفاع کیلئے متحد ہے۔