گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے واضح کیا ہے کہ جنگ کا آغاز افغانستان کی جانب سے کیا گیا، تاہم اس کا انجام پاکستان کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی سلامتی اور خودمختاری کے دفاع کے لیے ہر ضروری اقدام اٹھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے دعویٰ کیا کہ افغانستان کی جانب سے آج دوبارہ پاکستان پر حملے کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کو اس صورتحال پر غور کرنا ہوگا کیونکہ افغانستان میں چھوڑا گیا اسلحہ اب پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان سے دہشت گردی کے شواہد عالمی فورمز پر پیش کیے ہیں اور عالمی برادری کو اس معاملے کا نوٹس لینا چاہیے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ اگر افغان طالبان دہشت گرد عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی نہیں کرتے تو پاکستان خود کارروائی کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی جارحیت کے نتیجے میں افغانستان کو نقصان اٹھانا پڑا تھا اور اس بار بھی پاکستان اپنے دفاع میں مکمل طور پر تیار ہے۔