اسلام آباد میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے آپریشن غضب للحق کے تناظر میں پاک فوج کی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے افغان طالبان سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی پراکسی بن کر خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کا عمل بند کریں۔
افغان طالبان کے مبینہ بلااشتعال حملے کے جواب میں پاک فوج کی کارروائیوں پر ردعمل دیتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مسلح افواج نے مؤثر اور بھرپور جواب دے کر ایک بار پھر اپنی دفاعی صلاحیت اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا ہے۔ ان کے مطابق یہ کارروائیاں قومی سلامتی کے تقاضوں کے عین مطابق کی گئیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ افغانستان کی حکومت کو چاہیے کہ وہ بھارت کے اثر و رسوخ کا حصہ بننے کے بجائے خطے میں امن و استحکام کے لیے مثبت کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ کابل رجیم کی پالیسیوں نے پاکستان کو جوابی اقدامات پر مجبور کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مشرقی اور مغربی سرحدوں پر پاکستان کی مسلح افواج مکمل طور پر تیار اور مستعد ہیں اور ملک کے ہر انچ کے دفاع کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان تصادم کا خواہاں نہیں، تاہم اگر ملک کو للکارا گیا تو دشمن کو منہ توڑ جواب دینا بخوبی جانتے ہیں اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔