نہال ہاشمی نے گورنر سندھ کے عہدے کا باقاعدہ حلف اٹھا لیا ہے۔ سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس ظفر احمد راجپوت نے ان سے گورنر سندھ کے منصب کا حلف لیا۔
تقریب حلف برداری میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، مسلم لیگ ن سندھ کے صدر بشیر میمن اور دیگر سیاسی رہنما اور کارکنان نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ نہال ہاشمی کو گورنر سندھ تعینات کرنے کا فیصلہ گزشتہ روز کیا گیا تھا جبکہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے ان کی بطور گورنر سندھ تقرری کی منظوری دی تھی۔
نہال ہاشمی کے سیاسی سفر کا مختصر جائزہ
کراچی سے تعلق رکھنے والے نہال ہاشمی گزشتہ کئی دہائیوں سے پاکستان مسلم لیگ ن سے وابستہ ہیں۔ وہ 1997 سے 1999 تک وزیراعظم نواز شریف کے مشیر برائے قانون و انصاف کے طور پر خدمات انجام دیتے رہے۔
بعد ازاں 2012 میں انہوں نے کراچی میں مسلم لیگ ن کے صدر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالیں جبکہ اگست 2014 میں انہیں سندھ میں مسلم لیگ ن چیپٹر کا جنرل سیکرٹری مقرر کیا گیا۔
سال 2015 میں نہال ہاشمی مسلم لیگ ن کی جانب سے پنجاب کی نشست پر سینیٹر منتخب ہوئے اور بعد ازاں انہیں گورنر سندھ کے منصب کے لیے نامزد کیا گیا۔
سال 2017 میں پاناما کیس سے متعلق ایک متنازع بیان کے باعث انہیں مسلم لیگ ن سے نکال دیا گیا تھا تاہم بعد ازاں 2021 میں ان کی جماعتی رکنیت بحال کر دی گئی۔