ایشیائی ترقیاتی بینک کی تازہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کی معیشت میں بتدریج بہتری کا رجحان جاری ہے، تاہم اس کے باوجود معاشی خطرات بدستور موجود ہیں اور محتاط پالیسی کی ضرورت برقرار ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران پاکستان کی معاشی شرح نمو تقریباً 3.5 فیصد رہنے کا امکان ہے، جبکہ اگلے مالی سال میں یہ شرح بڑھ کر 4.5 فیصد تک پہنچ سکتی ہے، جو معاشی سرگرمیوں میں بہتری کی عکاسی کرتا ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی مہنگائی اور معیشت پر دباؤ بڑھا سکتی ہے، جبکہ مالی سال 2026 میں مہنگائی کی شرح 6.4 فیصد اور مالی سال 2027 میں 6.5 فیصد تک جانے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
رپورٹ میں تیل اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کو معیشت کے لیے بڑا خطرہ قرار دیا گیا ہے، اور زور دیا گیا ہے کہ بیرونی معاشی جھٹکوں سے نمٹنے کے لیے اصلاحاتی عمل کو جاری رکھنا ناگزیر ہے، جبکہ نجی سرمایہ کاری میں اضافہ معیشت کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ تعمیراتی شعبے اور صنعت میں بہتری کی توقع ہے، جبکہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے محتاط مانیٹری پالیسی میں ممکنہ نرمی بھی معاشی سرگرمیوں کو سہارا دے سکتی ہے۔