وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ دستور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 1973 کا آئین وفاق پاکستان اور قومی اتحاد کی ایک درخشندہ علامت ہے جو ملک کے جمہوری نظام کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔
اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج قوم اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کی منظوری کا دن قومی جذبے کے ساتھ منا رہی ہے، اور اس تاریخی دستاویز کے معماروں کو خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے جنہوں نے ملک کو ایک متفقہ آئینی فریم ورک فراہم کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آئین دراصل عوام اور ریاست کے درمیان ایک مقدس معاہدہ ہے جو دونوں کے حقوق اور فرائض کا واضح تعین کرتا ہے، اور یہی آئینی ڈھانچہ ملک میں قانونی، اخلاقی اور انتظامی نظام کو منظم بناتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 10 اپریل 1973 کو منظور ہونے والے متفقہ آئین نے پاکستان میں پارلیمانی جمہوری نظام کی بنیاد رکھی، اور یہ آئین تمام شہریوں کے بنیادی حقوق کا محافظ ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ وفاق کی تمام اکائیاں قومی یکجہتی اور معاشی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہیں، اور ایک روشن مستقبل کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی نعمتوں سے مالا مال ملک ہے، اور یہ اپنی ترقی اور خوشحالی کے سفر کو جاری رکھتے ہوئے عالمی برادری میں سرخرو ہو گا۔