ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات کے باعث عالمی مالیاتی منڈیوں میں استحکام دیکھنے میں آیا ہے، جبکہ خام تیل کی قیمتوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی قیمت کم ہو کر 97 ڈالر فی بیرل تک آ گئی ہے، جبکہ برینٹ خام تیل 95.37 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہوتا رہا، جو توانائی مارکیٹ میں نرمی کی عکاسی کرتا ہے۔
دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نمایاں تیزی دیکھی گئی، جہاں ہنڈریڈ انڈیکس میں 1,993 پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور انڈیکس ایک لاکھ 67 ہزار 457 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
علاقائی مارکیٹس میں بھی مثبت رجحان سامنے آیا، جہاں جاپان کا نکئی تقریباً 2 فیصد، جنوبی کوریا کا کاسپی 1.40 فیصد، اور ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ انڈیکس 0.55 فیصد تک بڑھا۔
اسی طرح بھارتی ممبئی سینسیکس میں بھی دورانِ کاروبار 1.2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو سرمایہ کاروں کے بہتر ہوتے اعتماد کی نشاندہی کرتا ہے۔