پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا ہے، جبکہ دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا ہے۔
یہ اتفاق وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی وزیر خزانہ کی وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے دوران ہوا، جس میں اہم دوطرفہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق ایک روزہ دورے پر آئے سعودی وزیر خزانہ نے وفد کے ہمراہ وزیراعظم سے ملاقات کی، جس میں سعودی قیادت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا، جبکہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کے لیے خصوصی خیرسگالی پیغام بھی دیا گیا۔
وزیراعظم نے حالیہ ٹیلیفونک گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے ولی عہد محمد بن سلمان کی پاکستان سے محبت کو سراہا اور دونوں برادر ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو فراہم کی جانے والی معاشی اور مالی معاونت کو وزیراعظم نے سراہا، اور اسے پاکستان کے معاشی استحکام میں اہم قرار دیا۔
اس موقع پر دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے شعبوں میں مزید وسعت پیدا کرنے پر اتفاق کیا، جبکہ اقتصادی روابط کو فروغ دینے پر بھی زور دیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ہر مشکل وقت میں سعودی عرب کے ساتھ کھڑا رہا ہے، اور دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔
اعلامیے کے مطابق ولی عہد محمد بن سلمان کے وژن کے تحت اقتصادی تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا، جبکہ ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی شریک تھے۔
پاکستان نے سعودی عرب کے ساتھ ہر سطح پر تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ سعودی وفد نے بھی پاکستان کے ساتھ اقتصادی روابط کو مزید وسعت دینے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔
وزیراعظم آفس کے اعلامیے میں کہا گیا کہ پاک سعودی دوستی وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہی ہے، اور دونوں ممالک نے خطے میں امن کے قیام کے لیے مشترکہ کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔