ایران کا اعلیٰ سطح کا وفد امریکا کے ساتھ اہم مذاکرات میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچ گیا ہے، جسے خطے میں جاری سفارتی سرگرمیوں میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی وفد کی قیادت ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کر رہے ہیں، جبکہ وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچے ہیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی وفد کا استقبال نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کیا، جبکہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اس موقع پر امید ظاہر کی کہ فریقین مذاکرات کو تعمیری انداز میں آگے بڑھائیں گے اور مثبت نتائج حاصل کیے جا سکیں گے۔
پاکستان نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ خطے میں تنازع کے پائیدار اور دیرپا حل کے لیے اپنی سہولت کاری جاری رکھے گا۔