غیر ملکی وفود کی آمد کے موقع پر ٹریفک پولیس نے 11 اور 12 اپریل کے لیے خصوصی ڈائیورشن پلان جاری کر دیا ہے، جس کے تحت وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے متعدد متبادل راستوں کا تعین کیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق ان دو دنوں کے دوران اسلام آباد میں ہر قسم کی بھاری ٹریفک کے داخلے پر مکمل پابندی عائد رہے گی تاکہ سیکیورٹی اور ٹریفک کے نظام کو مؤثر بنایا جا سکے۔
جی ٹی روڈ کے ذریعے پشاور سے راولپنڈی آنے والی ٹریفک کو ٹیکسلا موٹروے استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ لاہور سے پشاور جانے والے مسافروں کو روات، چک بیلی، چکری اور ٹیکسلا موٹروے کے راستے اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
شہری علاقوں کے لیے جاری پلان کے مطابق جی-5، ایف-6 اور ایف-7 کے رہائشیوں کو مارگلہ روڈ استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ جی-6 اور جی-7 کے مکینوں کے لیے نائنتھ ایونیو کا راستہ تجویز کیا گیا ہے، اور فیصل ایونیو سے زیرو پوائنٹ جانے والی ٹریفک کو بھی نائنتھ ایونیو کی طرف موڑا جائے گا۔
بھارہ کہو سے راولپنڈی جانے والے مسافروں کو کورنگ روڈ، بنی گالہ، لہتراڑ روڈ اور جی ٹی روڈ کے متبادل راستے استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ راولپنڈی سے اسلام آباد آنے والے شہری صدر سے نائنتھ ایونیو کے ذریعے سفر کریں۔
مزید برآں کرنل شیر خان روڈ سے فیصل ایونیو جانے والی ٹریفک کو نائنتھ ایونیو سگنل سے اسٹیڈیم روڈ استعمال کرنے کا کہا گیا ہے تاکہ رش سے بچا جا سکے۔
طویل فاصلے کی ٹریفک کے لیے ترجمان نے بتایا کہ پشاور سے لاہور جانے والی گاڑیاں ٹیکسلا موٹروے یا ترنول پھاٹک سے فتح جنگ موٹروے کا انتخاب کریں، جبکہ لاہور سے آنے والی ہیوی ٹریفک کو چک بیلی روڈ کے ذریعے چکری موٹروے کی طرف منتقل کیا جائے گا۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سفر کے دوران ممکنہ پریشانی سے بچنے کے لیے متبادل راستوں کا استعمال کریں اور جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔























































































