پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے بعد عوام نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مزید کمی کا مطالبہ کیا ہے، تاکہ مہنگائی کے دباؤ میں کمی لائی جا سکے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے ساتھ ساتھ اشیائے خورونوش اور دیگر ضروری اشیاء کی قیمتوں میں بھی کمی کی جانی چاہیے تاکہ عام آدمی کو حقیقی ریلیف مل سکے۔
گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کیا، جس کے تحت ڈیزل کی قیمت میں 135 روپے اور پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے فی لیٹر کمی کی گئی۔
وزیراعظم کے مطابق نئی قیمتوں کے بعد ڈیزل 520 روپے کے بجائے 385 روپے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا، جبکہ پیٹرول کی قیمت 378 روپے سے کم ہو کر 366 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر حکومت دیگر اشیاء کی قیمتوں میں بھی کمی لانے کے اقدامات کرے تو اس کے مثبت اثرات معیشت اور عوامی زندگی پر نمایاں طور پر مرتب ہوں گے۔