وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس جاری ہے۔ اجلاس میں پندرہ نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں پاک آرمی کے اسپیشل سیکیورٹی ڈویژن کےلیے فنڈز اور رواں مالی سال کی دفاعی سروسز کی تکنیکی گرانٹ کی سمری پیش کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں نیب کو غیر ملکی لا فرمز اور وکلا کی ادائیگیوں کی سمری پیش ہوگی۔ اجلاس میں محکمہ امیگریشن و پاسپورٹس کے لیے ایک ارب 33 کروڑ روپے گرانٹ کی سمری بھی پیش ہو گی۔
اجلاس میں وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے میڈیا پر مہم کے لیے خصوصی گرانٹ اوروفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے ویزا نظام کی میڈیا پہ پانچ کروڑ روپے تشہیر کی سمری پر بھی غور ہوگا۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے لیے حکومتی ضمانت اور پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل ریلوے کے ذریعے کرنے کی سمری پیش ہوگی۔
اجلاس میں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو مارکیٹنگ لائسنس کے اجرا کے سلسلے پر غور کیا جائے گا۔ شرکائے اجلاس کے سامنے پیٹرولیم مصنوعات پر ان لینڈ فریٹ مارجن کی رپورٹ بھی پیش ہو گی۔
ذرائع کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ایف آئی اے اور ایف سی کے پی ہیڈ کوارٹر کے لیے تین کروڑ 89 لاکھ روپے گرانٹ کی سمری بھی پیش ہو گی۔
وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی زیرصدارت منعقدہ اجلاس میں گلگت بلتستان کونسل کے لیے 33 کروڑ 70 لاکھ روپے اور قومی کمیشن برائے انسانی ترقی کے لیے 70 کروڑ روپے گرانٹ کی سمری بھی پیش ہو گی۔