وفاقی وزیر دفاع اور مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ سانحہ 9 مئی کے ذمہ دار ملٹری ٹرائل سے بچ نہیں سکتے، کچھ لوگوں کا ملٹری ٹرائل ہوگا۔
قومی اسمبلی میں سانحہ نو مئی پر بات کرتے ہوئے خواجہ آصف نے اپنے خطاب میں کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے ریاست پر حملے کی ترغیب دی، ان کے سیاسی مقاصد اور اپنے مفادات ہیں جو توجہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ شہدا کی یاد گاروں اور آرمی تنصیبات پر حملہ ہوا، ایسا نہ ہو کہ تاریخ آپ کو ڈیلیٹ کردے، کتنے لوگوں کا ملٹری ٹرائل کیا گیا ہے اس کا مجھے پتہ نہیں ہے مگر کچھ لوگوں کا ملٹری ٹرائل ہوگا۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں روزانہ شہادتیں ہورہی ہیں، کوئی دن نہیں جب ہماری فوج کا جوان شہید نہیں ہوتا، ایسے حالات میں فوجی تنصیبات پر حملہ کسی ریاست اور قوم کیخلاف اس سے بڑھ کر کوئی جرم نہیں ہوسکتا۔