وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہےکہ نگران سیٹ اپ کیلئے آئے تھے عرصہ کچھ طویل ہوگیا ہے لیکن ہم نے اپنا کام ختم کرنا ہے اور واپس گھر جانا ہے۔
لاہور میں پنجاب بار کونسل کے زیر اہتمام تمام صوبائی بار کونسلز کا مشترکہ اجلاس ہوا۔ مہمان خصوصی نگران وزیراعلی محسن نقوی نے اپنے خطاب میں وکلا برادری کی فلاح و بہبود کیلئے متعدد اقدامات کا اعلان کیا۔
انھوں نے کہا کہ پولیس اور وکلا کے مابین معاملات کے حل کیلئے پولیس کا فوکل پرسن مقرر کر رہے ہیں۔
میری کوشش تھی کہ اس چھوٹے سے عرصے میں جو کام کرسکتے ہیں کریں۔ اپنا کام ختم کر کے اپنے شعبے میں واپس جانا ہے۔
محسن نقوی نے پنجاب بار کونسل کے پلاٹ پر عمارت کی تعمیر کیلئے حکومتی امداد کا اعلان بھی کیا۔
تقریب سے خطاب میں سابق صدر سپریم کورٹ بار احسن بھون کا کہنا تھا کہ اب میڈیا پر محسن اسپیڈ کی بات بہت گردش کرتی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ اس سپیڈ سے وکلا بھی مستفید ہوں۔ اگر کہیں اختلاف رائے ہو تو ہمیں ڈائیلاگ کی جانب بڑھنا چاہیے۔
پنجاب بار کونسل کے زیر اہتمام تقریب میں ماہرین قانون سمیت بار کونسلز کے نمائندگان بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔