قومی اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں نے مشترکہ کمیٹی بنانے کیلئے ناموں کو حتمی شکل دے دی ہے۔
جوائنٹ اپوزیشن کوآرڈینیشن پارلیمان کے اندر اور باہر سیاسی حکمت عملی کے لیے اشتراک عمل سے اقدامات تجویز کرے گی۔
کمیٹی کے لیے پارلیمان میں حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ(ن) کی نمائندگی سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، خواجہ سعد رفیق، احسن اقبال، رانا ثنااللہ، مرتضی عباسی اور سینیٹر جاوید عباسی کریں گے۔
پیپلزپارٹی کی طرف سے سابق اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، سینیٹر شیری رحمان اور سید نوید قمر جوائنٹ اپوزیشن کوآرڈینیشن کمیٹی میں شامل ہیں۔
متحدہ مجلس عمل کی واسع عالیہ کامران اور عوامی نیشنل پارٹی کی نمائندگی امیر حیدر خان ہوتی کریں گے۔
جوائنٹ اپوزیشن کوآرڈینیشن کمیٹی کا مقصد پارلیمنٹ کے اندر اور باہر مشترکہ لائحہ عمل کیلیے تجاویز تیار کرنا ہے۔
یاد رہے کہ قائد حزب اختلاف شہبازشریف کی زیرصدارت اپوزیشن قائدین کے اجلاس میں رابطے کے لیے کمیٹی کی تشکیل کا فیصلہ ہوا تھا۔ اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں ہونے والے اجلاس میں آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو سمیت دونوں پارٹیوں کے اعلیٰ قیادت بھی موجود تھی۔