وزیراعظم عمران خان آج ملائیشیا کے دو روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے۔ ایک اعلیٰ سطح کا وفد وزیراعظم کے ہمراہ ہوگا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج سے ملائیشیا کا دو روزہ سرکار ی دورہ کریں گے۔
ترجمان نے کہا کہ مئی 2018ء میں ڈاکٹر مہاتیر محمد کے دوبارہ عہدہ سنبھالنے کے بعد سے کسی بھی غیر ملکی رہنما کا پہلا سرکاری دورہ ہوگا۔
وزیراعظم عمران خان اور ان کے ملائیشیا کے ہم منصب معاونین کے بغیر ملاقات کریں گے جس کے بعد وفود کی سطح پر بات چیت ہوگی۔
پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان خوشگوار، برادرانہ تعلقات قائم ہیں اور وزیراعظم کے دورہ میں مختلف شعبوں میں موجودہ دوطرفہ تعلقات کومزید مضبوط بنانے کا موقع ملے گا۔
دو روز قبل پاکستان میں ملائیشیا کے ہائی کمشنر اکرام بن محمد ابراہیم نے اسلام آباد میں وزیرا عظم عمران خان سے ملاقات کی تھی۔ ملاقا ت کے دوران انہوں نے وزیراعظم کے ملائیشیا کے آئندہ دورے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ 15 نومبر کو ملائشیا کے ہائی کمشنر اکرام بن محمد ابراہیم کی وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی تھی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین تجارت ،سرمایہ کاری اور عوامی روابط کو وسعت دینے پر بات چیت کی گئی جبکہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے متوقع دورہ ملائشیا کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کے ملائشیا کے ساتھ گہرے تعلقات ہیں اور پاکستان ان تعلقات میں مزید اضافے کا خواہاں ہے۔ پاکستان اور ملائشیا ایک دوسرے کے قریب ہیں۔ ہماری دوستی مشترکہ عقائد، ورثے اور تاریخ پر مبنی ہے۔