لاہور: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے استفسار کیا ہے جو لوگ مجھے قتل کرنا چاہتے تھے وہ جے آئی ٹی بنا ئیں گے؟
انہوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جے آئی ٹی میں ان لوگوں کو شامل کیا گیا جو خود ملوث ہیں، جے آئی ٹی بنانے میں آپ سیریس ہیں تو چیف جسٹس کی سربراہی میں بنائیں۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کل عشا کے بعد مینار پاکستان پر رات 9 بجے جلسہ کریں گے، کل کے جلسے میں آگے کا پلان اور لائحہ عمل دوں گا، لاہور کے لوگ کل کے جلسے میں شریک ہوں ، سب مینار پاکستان پر پہنچیں، میرا اس سال کا یہ پہلا جلسہ ہو گا، کل کے جلسے میں حقیقی آزادی کا روڈ میپ دوں گا۔
انہوں نے کہا ان کو خوف ہوتا ہے کہ کہیں عمرا ن خان آگیا تو ہمارا احتساب ہوگا، قبضہ گروپ آسانی سے نہیں جائے گا، میں ملک سے نہیں جاؤں گا، آزادی کی تحریک سے پیچھے نہیں ہٹوں گا، ہم نے پر امن طریقے سے مقابلہ کرنا ہے۔