اسلام آباد الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسلام آباد کی تینوں نشستوں پر کامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق این اے 46 سے ن لیگ کے انجم عقیل کامیاب قرار پائے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 47 سے ن لیگ کے طارق فضل چوہدری کامیاب قرار پائے، جب کہ این اے 48 سے آزاد امیدوار راجہ خرم نواز کامیاب قرار پائے ہیں۔
گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے فارم 47 چیلنج کیے جانے پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے قومی اسمبلی کی تینوں نشستوں کے ریٹرننگ افسران کو نتائج کے حتمی نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روک دیا تھا، ان حلقوں کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج میں ن لیگ کے امیدوار کامیاب قرار پائے تھے۔
غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق این اے 46 اسلام آباد سے مسلم لیگ ن کے انجم عقیل خان کامیاب اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ عامر مسعود دوسرے نمبر پر رہے تھے۔
این اے 47 اسلام آباد سے بھی ن لیگ کے طارق فضل چوہدری کامیاب اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار شعیب شاہین دوسرے نمبر پر رہے تھے، جب کہ این اے 48 سے آزاد امیدوار راجا خرم شہزاد نواز نے کامیابی حاصل کی تھی اور یہاں سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سید محمد علی بخاری دوسرے نمبر پر رہے تھے اور راجا خرم شہزاد نے کامیابی کے بعد ن لیگ میں شامل ہونے کا اعلان کر دیا تھا۔