دبئی میں اڑنے والی ٹیکسی کی پہلی آزمائشی پرواز کامیابی کے ساتھ مکمل کرلی گئی، جس کے بعد متحدہ عرب امارات نے اعلان کیا ہے کہ 2026 تک یہ جدید ایئر ٹیکسی سروس عوام کے لیے باقاعدہ طور پر شروع کی جائے گی۔
اطلاعات کے مطابق ایئر ٹیکسی نے دبئی اور العین کے درمیان واقع صحرائی علاقے مرغم سے اڑان بھری اور اپنی آزمائشی پرواز مکمل کرتے ہوئے دبئی کے المکتوم ایئرپورٹ پر بحفاظت لینڈنگ کی۔
حکام نے بتایا کہ یہ الیکٹرک ایئر ٹیکسی 320 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور اس میں 4 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی۔ یہ مکمل طور پر ماحول دوست ٹیکنالوجی پر مبنی ہے اور شور کی سطح بھی کم رکھتی ہے، جسے شہری ماحول کے لیے موزوں قرار دیا گیا ہے۔
عہدیداروں کے مطابق شہری علاقوں میں مزید تجرباتی پروازوں کا شیڈول تیار کیا گیا ہے، جبکہ “اسکائی پورٹس” کمپنی دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب پہلا ایئر ٹیکسی اسٹیشن قائم کر رہی ہے، جو مستقبل میں ایئر موبلٹی کے نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا۔