پاکستان کی معروف میزبان اور اداکارہ نادیا خان نے سینئر اداکار بہروز سبزواری کے خواتین کے لباس سے متعلق ماضی کے بیانات پر طنزیہ انداز میں ردعمل دیا ہے، جو سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔
یہ گفتگو ایک ٹی وی پروگرام کے دوران سامنے آئی، جہاں اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے ڈراموں میں اداکاراؤں کے کرداروں اور ان کے ملبوسات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بعض کرداروں کے تقاضوں کے مطابق لباس کا تھوڑا فِٹ ہونا ضروری ہوتا ہے تاکہ کردار ناظرین کے سامنے مؤثر انداز میں پیش کیا جا سکے۔
اسی دوران نادیا خان نے مسکراتے ہوئے طنزیہ لہجے میں کہا کہ بہروز سبزواری کو تنگ کپڑے پسند نہیں ہوتے، اسی لیے وہ خود اس معاملے میں خاص احتیاط برتتی ہیں۔ نادیا خان کا یہ جملہ دراصل بہروز سبزواری کے ان بیانات کی جانب اشارہ تھا جو انہوں نے ماضی میں خواتین کے لباس کے حوالے سے دیے تھے۔
واضح رہے کہ بہروز سبزواری نے ایک سابقہ انٹرویو میں خواتین کے جدید اور تنگ لباس پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے یہاں تک کہا تھا کہ انہیں موٹر سائیکل پر سوار خواتین کا اس انداز کا لباس پہننا بھی اچھا نہیں لگتا۔
مزید برآں، بہروز سبزواری نے خواتین کے ڈریسنگ سینس کو ان کی خاندانی تربیت سے جوڑتے ہوئے کہا تھا کہ لباس انسان کی پرورش اور اقدار کی عکاسی کرتا ہے۔ ان بیانات پر اس وقت بھی سوشل میڈیا پر شدید تنقید دیکھنے میں آئی تھی، جہاں صارفین نے مختلف آرا کا اظہار کیا تھا۔