کراچی میں گل پلازا سانحہ کی تحقیقات کرنے والے جوڈیشل کمیشن میں ڈپٹی کمشنر جنوبی نے اپنا تحریری جواب جمع کرا دیا ہے، جس میں واقعے کے دوران کیے گئے اقدامات اور ادارہ جاتی رابطوں کی تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔
تحریری جواب کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو گل پلازا میں آگ لگنے کی اطلاع رات تقریباً 10 بج کر 27 منٹ پر ایمرجنسی کنٹرول روم اور وائرلیس کوآرڈینیشن سسٹم کے ذریعے موصول ہوئی، جس کے فوراً بعد متعلقہ اداروں کو متحرک کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق ان کا اور اسسٹنٹ کمشنر گارڈن ڈویژن کا بنیادی کردار انتظامی مشینری کو فوری طور پر فعال کرنا تھا، جبکہ وہ خود 10 بج کر 31 منٹ پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور مختلف اداروں کے درمیان مؤثر تعاون کو یقینی بنانے کے لیے موقع پر موجود رہے۔
جواب میں مزید بتایا گیا کہ جائے وقوعہ پر پہنچتے ہی ریسکیو اداروں سے فوری رابطہ کیا گیا اور ایک ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر قائم کیا گیا، تاکہ تمام متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ مضبوط بنایا جا سکے اور متاثرین کو بروقت سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ڈپٹی کمشنر آفس کے مطابق فائر بریگیڈ، کے ایم سی اور ریسکیو 1122 کے ساتھ قریبی روابط قائم رکھے گئے، جبکہ پولیس اور ٹریفک پولیس کے کردار کے حوالے سے وضاحت کی گئی کہ یہ ادارے اپنی علیحدہ انتظامیہ کے تحت کام کرتے ہیں اور ایمرجنسی کے دوران امن و امان برقرار رکھنے، ٹریفک کی روانی اور ریسکیو ایریا کی حفاظت یقینی بناتے ہیں۔
تحریری جواب میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ضلعی انتظامیہ نے مختلف اداروں کے درمیان رابطوں کو مؤثر بنانے کے ساتھ ساتھ ضروری انتظامی اور لاجسٹک سہولیات فراہم کرنے میں بھرپور کردار ادا کیا۔