لبنان میں اسرائیلی حملوں کے بعد چین کا ردعمل سامنے آ گیا ہے، جس میں بیجنگ نے لبنان کی خود مختاری اور سلامتی کے احترام پر زور دیا ہے۔
چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ لبنان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی نہیں ہونی چاہیے، اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جانا ضروری ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ چین تمام فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کی ضرورت پر زور دیتا ہے، تاکہ صورتحال مزید خراب نہ ہو۔
دوسری جانب لبنان کے خلاف اسرائیلی کارروائیوں پر پاکستان نے بھی شدید ردعمل دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔
دفترِ خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے کہا کہ اسرائیلی حملوں میں جانوں کے ضیاع اور انفراسٹرکچر کی وسیع تباہی پر تشویش ہے، اور یہ اقدامات خطے میں امن و استحکام کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔