آئل اینڈ گیس ڈویلمپنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) خیبر پخٹونخوا کے فرنٹئر ریجن لکی مروت میں تیل وگیس کے بھاری ذخائر دریافت کرنے میں کامیاب ہو گئی۔
ترجمان او جی ڈی سی ایل کے مطابق ایف آر لکی مروت میں واقع کاواگڑھ فارمیشن پر ویل نمبر 1 پر گیس اور تیل کے بھاری ذخائر دریافت کر لیے ہیں۔ یہ کاواگڑھ فارمیشن میں پہلی دریافت ہے۔
ترجمان کے مطابق اوجی ڈی سی ایل کی جانب سے اس کنواں کو 4727 میٹر گہرائی تک ڈرل کیا گیا۔ ڈرلنگ کے دوران تیل/گیس کی موجودگی کے بارے میں اچھی رپورٹس اور اوپن ہول لاگ ڈیٹا کی بنیاد پر ڈرل سٹیم ٹیسٹ کیا گیا تھا۔
ترجمان کے مطابق ابتدائی طور پر 32/64 چوک سائز پر 3000 پی ایس آئی (PSI) ویل ہیڈ فلوئنگ پر پریشر چیک کرنے کے بعد مذکورہ کنویں سے 11.8 لین مکعب فٹ یومیہ گیس اور 945 بیرل یومیہ تیل حاصل ہو گا۔
ترجمان کے مطابق دریافت سے ملک میں توانائی کی بڑھتی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی۔