اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں آبنائے ہرمز کی صورتحال سے متعلق نئی قرارداد پر ووٹنگ آج متوقع ہے، جس میں خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے اہم نکات شامل کیے گئے ہیں۔
نئے مسودے میں ایران سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ جہازوں پر حملے روک دے اور آبنائے ہرمز میں رکاوٹ ڈالنے کی کسی بھی کوشش سے گریز کرے، تاکہ عالمی بحری ٹریفک کو بحال رکھا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق اس قرارداد کے نئے مسودے سے طاقت کے استعمال سے متعلق شق کو نکال دیا گیا ہے، جبکہ اس پر ووٹنگ پاکستانی وقت کے مطابق آج رات 8 بجے ہونے کا امکان ہے۔
دوسری جانب امریکا اپنی دھمکیوں اور دعوؤں کے باوجود آبنائے ہرمز سے ایران کا کنٹرول ختم کروانے میں ناکام دکھائی دے رہا ہے، جس کے باعث اس اہم بحری گزرگاہ کی بندش سے عالمی سطح پر بحری ٹریفک شدید متاثر ہو رہی ہے۔
دفاعی ماہرین کے مطابق ایران آبنائے ہرمز پر کنٹرول کے لیے روایتی بحری بیڑے پر انحصار نہیں کرتا بلکہ ایک کثیر الجہتی دفاعی حکمت عملی اپناتا ہے، جس میں ساحلی علاقوں پر تعینات موبائل میزائل بیٹریز، تیز رفتار کشتیوں، سمندری بارودی سرنگوں اور خودکش ڈرونز کا استعمال شامل ہے، جو بحری جہازوں کو فضا سے مانیٹر کرتے ہوئے ضرورت پڑنے پر نشانہ بنا سکتے ہیں۔