پیٹرول سبسڈی سے فائدہ اٹھانے کے لیے حکومت نے اسلام آباد میں موٹر سائیکل ٹرانسفر فیس ایک ماہ کے لیے معاف کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کا مقصد شہریوں کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے اپنے بیان میں کہا کہ اسلام آباد میں موٹر سائیکلوں کی ٹرانسفر فیس ایک ماہ کے لیے ختم کر دی گئی ہے، اور یہ اقدام وزیرِ اعظم کے عوامی ریلیف اور سبسڈی پروگرام کے تحت کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے شہریوں کو اپنی موٹر سائیکلیں اپنے نام منتقل کروانے میں سہولت ملے گی تاکہ وہ پیٹرول سبسڈی سے مستفید ہو سکیں۔
دوسری جانب ڈی جی ایکسائز عرفان میمن نے کہا کہ شہری ایکسائز آفس اسلام آباد سے بغیر کسی فیس کے اپنی موٹر سائیکل اپنے نام منتقل کروا سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے محکمہ ایکسائز کا دفتر 24 گھنٹے کھلا رہے گا، جبکہ بڑھتی ہوئی درخواستوں کے پیش نظر اضافی کاؤنٹرز بھی قائم کر دیے گئے ہیں۔