کراچی کوئٹہ کے ٹھنڈے موسم کا اثر کراچی پر بھی ہونے لگا، محکمہ موسمیات نے شہر میں پارہ مزید گرنے کی پیشگوئی کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں بارش اور برفباری کے ایک اور اسپیل سے سردی میں اضافہ ہوگیا، کوئٹہ میں بارش کے بعد سردی بڑھ گئی اور کم سے کم درجہ حرارت دو ریکارڈ کیا گیا۔
وادی زیارت ،چمن ،توبہ اچکزئی میں ہرسو سفیدی چھاگئی اور سڑکیں برف سے ڈھک گئیں، چاروں طرف بچھی سفید چادر نے قدرتی حسن دوبالا کر دیا۔
کوئٹہ کے ٹھنڈے موسم کا اثر کراچی پر بھی ہونے لگا، جس سے سردی بڑھ گئی ہے ،آج شہر قائد میں کم سے کم درجہ حرارت بارہ ڈگری ریکارڈ کیا گیا، محکمہ موسمیات نے پارہ مزید گرنے کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائوں کا سسٹم آج بلوچستان پر اثر انداز ہوگا، جس کے باعث چمن زیارت، قلعہ سیف اللہ،قلعہ عبداللہ ،پشین ، ژوب،بارکھان،نوشکی اور قلات میں بارش اورپہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
مری، گلیات سمیت خطہ پوٹھوہار ،بالائی پنجاب خیبرپختونخوا اورگلگت بلتستان میں بھی ہلکی بارش اوربرفباری متوقع ہے۔