سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم عمران خان سے گفتگو میں مسئلہ کشمیر پر پاکستانی مؤقف کی تائید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔
وزیراعظم اور سعودی ولی عہد کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں وزیراعظم نے محمد بن سلمان کو خطے کی تازہ صورتحال اور مسئلہ کشمیر کے حل نہ ہونے کے باعث جنوبی ایشیا کے امن و سلامتی کو لاحق خطرات کے حوالے سے آگاہ کیا۔
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے کشمیر پر ہونے والی تازہ پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل وزیراعظم عمران خان نے جرمن چانسلر اینجلا مرکل سے رابطہ کرکے انھیں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں سے متعلق آگاہ کیا تھا۔
وزیراعظم عمران خان کا جرمن چانسلر اینجلا مرکل سے ٹیلیفونک گفتگو میں کہنا تھا کہ بھارت کے اقدامات سے خطے میں امن و سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہوچکے ہیں۔ بھارت لائن آف کنٹرول پر غیر قانونی کارروائی کرکے دنیا کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے بھارت کی جانب سے جعلی آپریشنز کرنے کی اطلاعات پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت کو ہر قیمت پر قتل عام سے روکنا ہوگا۔ بھارتی اقدامات سے کشمیر میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہو سکتا ہے۔