وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال بہت خطرناک ہے۔
نیویارک ٹائمز کے ایڈیٹرز سے ملاقات کے دوران گفتگو میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ کشمیر کا محاصرہ کر رکھا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر اقوام متحدہ سے مدد کی اپیل کریں گے۔ بھارت کو سمجھ نہیں آرہا، اس کے کتنے خطرناک نتائج ہوسکتے ہیں۔ خوف ہے کرفیو اٹھنے پر مقبوضہ کشمیر میں قتل عام ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر پر بات نہیں کرے گا تو کون کرے گا؟ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں مداخلت کرے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ بھارت مسئلہ کشمیر پر غیر سنجیدہ رویے کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ غرور لوگوں کو سمجھدار ہونے سے روکتا ہے۔ اقوام متحدہ نے فعال کردار ادا نہ کیا تو حالات خراب ہوسکتے ہیں۔