کورونا ویکسین کیلئے حکومت پاکستان اور 2 چینی نجی کمپنیوں سائنو فارم اورکین سائنو کے درمیان معاہدہ طے پاگیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی حکام اورچینی کمپنیزکا 70 لاکھ خوراکوں کی خریداری کا معاہدہ ہوا ہے جس کے تحت سائنو فارم سے 40 لاکھ اورکین سائنو سے 30 لاکھ ویکسین ڈوز کی خریداری کی جائے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ چینی کمپنیاں آئندہ ماہ سے ویکسین سپلائی کا مرحلہ وار آغاز کریں گی۔
اس حوالے سے انسداد کورونا کے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ پاکستان اپریل کے وسط تک بڑی مقدار میں کین سائنو ویکسین درآمد کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ کین سائنو ویکسین کی 30 لاکھ خوراکیں پاکستان میں ہی پیک ہوں گی جبکہ ویکسین کی ڈوز بنانے کیلئے خصوصی آلات خرید لیے ہیں۔ اسد عمر کا کہنا تھاکہ ویکسین ڈوز کی تیاری کیلئے افرادی قوت کو تربیت دی جا رہی ہے۔