وزیراعظم عمران خان نے سینیئر کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنی ٹوئٹ میں وزیراعظم کا کہنا تھاکہ سید علی گیلانی کے انتقال کا سن کر دکھ ہوا، انہوں نے ساری عمر کشمیریوں کے حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کی۔
ان کا کہنا تھاکہ سید علی گیلانی نےقابض بھارتی انتظامیہ کی قیدوبند کی اذیتیں برداشت کیں اورپرعزم رہے، ان کی جرات مندانہ جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھاکہ ہم ان کے الفاظ ’ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے‘ ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
وزیراعظم نے سید علی گیلانی کے انتقال پر ایک روزہ سوگ اور پرچم سرنگوں رکھنے کا بھی اعلان کیا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا سید علی گیلانی کے انتقال پر اظہار افسوس
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سینیئر کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ’ کشمیر کی تحریک آزادی کے سرکردہ رہنما سید علی گیلانی کی قربانیاں اور جدوجہد کشمیریوں کے بھارتی قبضے کے خلاف ناقابل تسخیر عزم کی علامت ہے’۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ سید علی گیلانی کا خواب اور ان کا مشن تب تک زندہ رہے گا جب تک کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگ اپنا حق خود ارادیت حاصل نہیں کر لیتے۔
سید علی گیلانی کے انتقال پر ملکی سیاسی قیادت کا اظہار افسوس
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ سید علی گیلانی کی رحلت کی خبر سن کر دل گرفتہ ہوں، سید علی گیلانی نے آخری سانس تک کشمیریوں کا مقدمہ لڑا اور متعدد بار قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی سید علی گیلانی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ سید علی گیلانی کشمیر میں آزادی کی تحریک کا دوسرا نام تھے،ان کی زندگی جہد مسلسل کا ایک استعارہ تھی۔
ان کا کہنا تھاکہ سید علی گیلانی کا مشن کشمیر کی آزادی تھا اور اس خواب کی تعبیر ہماری منزل ہے۔
جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق کا کہنا تھاکہ سید علی گیلانی کی رحلت سے کشمیری عوام یتیم ہوگئے، انہوں نے کشمیریوں کیلئے زیادہ تر زندگی جیل میں گزاری۔
ان کا کہنا تھاکہ سید علی گیلانی کا آخری لمحے تک ایک ہی نعرہ تھا ’ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے‘، سید علی گیلانی کے انتقال سے تحریک آزاد ی مزید تیز ہوگی۔
خیال رہے کہ 92 سالہ کشمیری رہنما سید علی گیلانی کا انتقال آج رات سری نگر میں ہوا، وہ طویل عرصے سے بیمار تھے۔
سید علی گیلانی 29 ستمبر 1929 کو پیدا ہوئے، وہ جماعت اسلامی مقبوضہ جموں و کشمیر کے رکن بھی رہے۔
بعد میں سید علی گیلانی نے تحریکِ حریت کے نام سے اپنی جماعت بنائی، وہ آل پارٹیز حریت کانفرنس کے چیئرمین بھی رہے۔
وہ جموں و کشمیر میں بھارتی قبضے کے سخت مخالف اور مظلوم کشمیریوں کی توانا آواز سمجھے جاتے تھے۔