لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں خدیجہ شاہ اور یاسمین راشد سمیت 17 پی ٹی آئی خواتین کو پیش کردیا گیا۔
جناح ہاؤس میں جلاؤ گھیراؤ اور توڑپھوڑ کے کیس کی سماعت لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں ہورہی ہے۔ پولیس نے یاسمین راشد، خدیجہ شاہ اور صنم جاوید سمیت 17 پی ٹی آئی خواتین کو عدالت پہنچایا۔
پولیس کی جانب سے عدالت میں تفتیشی رپورٹ پیش کی جائے گی۔ جناح ہاؤس حملے میں ملوث 13خواتین کا جسمانی ریمانڈ مکمل ہوچکا ہے۔ پولیس نے تفتیش اور فوٹو گرا میٹک ٹیسٹ کیلئے جسمانی ریمانڈ حاصل کیا تھا۔
یاد رہے کہ 9 مئی کو چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کے خلاف ملک بھر میں پُرتشدد مظاہرے کیے گئے تھے۔ شرپسند افراد نے لاہور میں جناح ہاؤس میں بھی توڑ پھوڑ کی تھی اور وہاں آگ لگا دی تھی۔ جس کے بعد پولیس نے حملے میں ملوث افراد کو گرفتار کیا اور ان کے خلاف کیس لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں زیر سماعت ہے۔