کراچی: آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیرصدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ کراچی میں ایک مرتبہ پھر ماڈل تھانے بنائے جائیں گے۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ تھانوں کی تنظیم نووقت کا تقاضاہے، چھوٹے تھانوں کو کیوں نہ بڑے تھانوں میں ضم کردیاجائے، انہوں نے کہا کہ تھانہ جات پر مشتمل پولیسنگ کی سطح کو درست کرنا ہوگا۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ کراچی میں 100سے زائد پولیس اسٹیشنز ہیں، پولیس کی استعدادکار میں اضافے کے لئے انتظامی اور مالیاتی امور کو بڑھانا ہوگا۔
اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی کراچی کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی، کمیٹی چھوٹے تھانوں کو بڑے تھانوں میں ضم کرنے پر سفارشات تیار کرے گی۔
کمیٹی چھوٹے تھانوں کی چیک پوسٹس یارپورٹنگ سینٹرز میں تبدیلی سے متعلق رپورٹ بھی بنائے گی، جامع سفارشات پر مشتمل مسودہ تیار کرکے ارسال کیا جائے گا جبکہ اچھی شہرت کے حامل پولیس افسران کو تعینات کیا جائے گا۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی جاویدعالم نے کہا کہ شہری اوردیہی تھانوں کی پولیسنگ میں واضح فرق ہے، تھانوں کی تنظیم نو کے حوالے سے ایکسر سائزز ناگزیر ہوچکی ہیں۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی جاویدعالم اوڈھو نے آئی جی سندھ کے اقدام کو خوش آئند قرار دیا، جبکہ اجلاس میں صوبہ سندھ کے تمام متعلقہ افسران شریک ہوئے۔