نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ ستمبر کے پہلے ہفتے میں کینیا کا سرکاری دورہ کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعظم ستمبر میں اپنا پہلا غیر ملکی سرکاری دورہ کریں گے۔ وزیراعظم اپنے وفد کے ہمراہ کینیا کا 3 روزہ دورہ کریں گے جو ستمبر کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کینیا کے سرکاری دورے کے دوران نگران وزیراعظم انوار الحق کے ہمراہ نگراں کابینہ کے ارکان، مشیر اور معاون خصوصی بھی ہوں گے۔
اس کے علاوہ نگراں وزیراعظم ستمبر میں ہی سعودی عرب اور امریکا کا دورہ بھی کریں گے۔ سعودی عرب کے دورے کے دوران وہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سمیت سعودی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
نگراں وزیراعظم ستمبر کے تیسرے ہفتے میں امریکا کا دورہ کریں گے جہاں وہ اقوام متحدہ کی 78 ویں جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ نگراں وزیراعظم 22 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔
اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کا ہائی لیول اجلاس 19 ستمبر سے 26 ستمبر تک شیڈول کیا گیا ہے۔ انوار الحق کاکڑ کی اپنے وفد کے ہمراہ 19 ستمبر کو روانگی متوقع ہے۔