سربراہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ عمران خان کی حکومت نے پاکستان کو معاشی دلدل میں دھکیل دیا ایجنڈے پر بنائی گئی حکومت کا مقصد کشمیرکو انڈیا کے حوالے کرنا تھا۔
لاہور میں جے یوآئی کے زیراہتمام ختم نبوت کانفرنس سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا دنیا میں دیگر اسلامی ممالک بھی تو ہیں، تو پھرپاکستان کو ہی کیوں نشانہ بنایا جارہا ہے دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ آئینی ترمیم واپس لیں ۔
انہوں نے کہا کہ 2018 میں ایجنڈے پرمسلط کی جانے والی حکومت کا مقصد ہی یہی تھا کہ کشمیر کو بھارت کے حوالے کردیا جائے او اسرائیل کی حیثیت تسلیم کی جائے، اسی حکومت نے پاکستان کو معاشی دلدل میں دھکیلا۔
سربراہ جے یوآئی کا کہنا تھا کہ میں ایسا نہیں دیکھ رہا کہ آنے والی کوئی حکومت ہمیں اس دلدل سے نکال سکے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلے معاشی عدم استحکام لایا گیا ، اس کے بعد سیاسی ،معاشی دلدل میں دھکیل کرلڑوانے کی کوشش کی گئی لیکن ہم نے یکجہتی قائم رکھی۔ عوام کو یہ ساری باتیں سمجھنے کی ضرورت ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ دانشو اسرائیل کو تسلیم کرنے میں تو مفاد دیکھتے ہیں لیکن انہیں فلسطینی مسلمانوں پرظلم اور جبرنظرنہیں آتا۔ نہ ہی بھارت ، بنگلا دیش، افغانستان یا ایران کی معیشت پر ایسا دباؤ ڈالاجاتا ہے جو پاکستان پرڈالاجاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام دوست ممالک نے اپنے ہاتھ روکے ہوئے ہیں کہ دوبارہ وہی حکومت آئے تو پاکستان کی مدد کریں۔