کراچی سے خوشگوار موسم رخصت ہونے لگا اور شہر میں اب گرمی کا راج ہوگا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج اور کل مطلع جزوی ابر آلود رہے گا جب کہ آئندہ تین روز میں موسم گرم اور مرطوب رہنے اور درجہ حرارت بڑھنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا بتانا ہےکہ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے اور جنوب مغرب اور مغرب سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب اسی حوالے سے موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن کا کہنا ہےکہ شہر میں درجہ حرارت کی شدت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جاسکتی ہے، دن کے بیشتر حصے میں مطلع صاف اور دھوپ رہنے کا امکان ہے جب کہ سمندری ہوائیں 20 سے 35 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق رات گئے اور صبح سویرے چند مقامات پربوندا باندی بھی متوقع ہے۔