مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کئی سال جیل سے باہر نہیں آئیں گے جبکہ نواز شریف کے آنے کی تاریخ اٹل ہے اور اس میں کوئی رد و بدل نہیں ہو گا۔
گوجرانوالہ میں کنونشن سے خطاب میں عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت نے اگر معیشت پر کام کیا ہوتا تو یہ مہنگائی نہ ہوتی۔
یاد رہے کہ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی یا جیل کاٹنے والے پارٹی کے سینکڑوں ارکان کے بغیر بھی شفاف انتخابات ہوسکتے ہیں۔
امریکی خبر رساں ادارے کو ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی میں شامل ہزاروں افراد جو غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث نہیں الیکشن میں حصہ لے سکیں گے۔
نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو انتخابات میں کامیابی سے روکنے کیلئے فوج کی جانب سے دھاندلی کرنے کی بات مضحکہ خیز ہے،عام انتخابات فوج نہیں، الیکشن کمیشن کرائے گا۔