پشاور لاہور پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں بارش کے بعد موسم سرد ہوگیا موسم ٹھنڈا ہونے کے باعث کئی علاقوں میں گرم کپڑے نکل آئے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت گردونواح میں بارش سے موسم سرد ہو گیا، موسم ٹھنڈا ہونے کے باعث کئی علاقوں میں گرم کپڑے نکل آئے ہیں۔
سرگودھا،گجرات پاکپتن وہاڑی،چیچہ وطنی، سانگلہ ہل،فورٹ عباس میں موسلادھاربارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے جبکہ نوشہرہ،لکی مروت اورڈیرہ اسماعیل خان میں بھی بادل جم کربرسے۔
پہاڑی علاقوں میں برف باری ہورہی ہے، بابوسرٹاپ پر شدید برفباری ہوئی ہے ، برف باری نے ایک طرف موسم سرد کردیا تو دوسری جانب وادی کے حسن میں مزید اضافہ بھی کردیا۔
محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں آج کہیں گرج چمک تو کہیں ہلکی بارش کی پیش گوئی کی جبکہ ٹھٹہ، بدین، سجاول، تھر پارکر، عمر کوٹ اور حیدر آباد میں بھی بارش متوقع ہے۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے گردآلود ہواؤں کے ساتھ بارش سے موسم سرد ہوگیا۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران کوئٹہ ژوب، کوہلو، بارکھان، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، مردان، کوہاٹ اور سوات میں بھی کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کی پیشگوئی کی ہے جبکہ کشمیر،گلگت بلتستان میں گرج چمک کیساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔