اسلام آباد سپریم کورٹ کے جج جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کو کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کے الزامات میں سپریم جوڈیشل کونسل نے شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔
ذرائع کے مطابق سپریم جوڈیشل کونسل نے شوکاز نوٹس میں کہا کہ جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی 14 دن میں شوکاز نوٹس کا جواب دیں۔کونسل کے 3 ارکان نے نوٹس جاری کرنے کے حق میں ووٹ دیا جبکہ 2 ارکان نے مخالفت کی۔
جوڈیشل کونسل کے اجلاس میں جسٹس سردار طارق مسعود کی رائے پر بحث کی گئی۔
جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کے خلاف کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی شکایت 23 فروری کو سپریم جوڈیشل کونسل میں دائر کی گئی تھی۔
درخواست گزار میاں داؤد کی جانب سے دائر کردہ شکایت میں جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی پر مبینہ مس کنڈکٹ، بدعنوانی، ٹیکس تفصیلات میں ردوبدل، اقربا پروری اور ایک سیاسی جماعت کیلیے نرم گوشہ رکھنے جیسے الزامات عائد کیے گئے۔
یہ شکایت آئین پاکستان کے آرٹیکل دو سو نو(5) کے تحت چیئرمین سپریم جوڈیشل کونسل کے دفتر میں فائل کی گئی۔ شکایت میں مبینہ آڈیو ٹیپ کا متن بھی شامل کیا گیا۔
شکایت میں جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کے خلاف الزامات کی جانچ پڑتال کیلیے انکوائری شروع کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا گیا کہ ان کو بطور جج سپریم کورٹ منصب سے ہٹایا جائے۔